ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بغاوتوں سے ٹی ایم سی کوفرق نہیں پڑےگا، ممتا بنرجی کی پارٹی پُرعزم، 200؍ سیٹیں جیتنے کے امت شاہ کے دعوے کا بھی مذاق اڑایا

بغاوتوں سے ٹی ایم سی کوفرق نہیں پڑےگا، ممتا بنرجی کی پارٹی پُرعزم، 200؍ سیٹیں جیتنے کے امت شاہ کے دعوے کا بھی مذاق اڑایا

Mon, 21 Dec 2020 10:34:16    S.O. News Service

کولکاتہ،21؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) سنیچر کو وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں ٹی ایم سی کے 6؍ اراکین اسمبلی اور ایک رکن پارلیمان کے بی جے پی میں شامل ہونے پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے لیڈر اور مغربی بنگال حکومت میں  وزیر سبرتا مکھرجی  نے کہا ہے کہ  اس پر واویلا مچانے کی کوئی ضرورت نہیں  ہے کیوںکہ پارٹی کی کارکردگی پر اس کا کوئی  اثر نہیں پڑےگا۔

 انہوں نے کہا ہے کہ ’’باغی اورپیٹھ میں چھرا گھونپنے والے تو ہمیشہ سے موجود رہے ہیں۔‘‘   سبرتا مکھرجی  کے مطابق حالیہ واقعات سے پارٹی کو کوئی  حیرانی نہیں ہوئی کیوں کہ ایسی بغاوتوں کا پارٹی پر کوئی اثر نہیں پڑےگا۔مغربی بنگال میں اپریل مئی میں  الیکشن ہونے کی امید ہے۔اس کے ساتھ ہی مکھرجی نے مغربی بنگال میں 294؍ میں سے 200؍ سیٹیں  جیتنے کے  بی جےپی کے دعوے کا بھی مذاق اڑایا ۔ 

شوبھندو ادھیکاری  کے بی جےپی میں جانے  کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں  اس تعلق سے کچھ اندازہ تھااس لئے ہمیں کوئی حیرانی نہیں ہوئی ہے۔ ایسے میر جعفروں کی غداریوں سے پریشان ہونے  یا واویلا مچانے کی کوئی ضرورت  نہیں ہے۔ یہ بغاوتیں تو صدیوں سے ہوتی چلی آرہی ہیں۔‘‘ 200؍  سیٹیں  جیتنے کے امیت شاہ کے دعوے کا مذاق اڑاتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ’’ ایک شوبھندو کے اپنے پالے  میں آجانے سے بی جےپی سمجھ رہی ہے کہ وہ 200؍ سیٹیں جیت لے گی...اچھا ہے کہ وہ یہ نہیں کہہ رہے کہ ساری سیٹیں وہ ہی جیتیں گے۔‘‘


Share: